حالیہ عالمی تحقیق سے یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ ذہنی دباؤ، بے چینی اور ڈپریشن جیسے مسائل دنیا بھر کے ملازمین کی بیماری اور غیر حاضری کی سب سے بڑی وجہ بن چکے ہیں۔
برطانیہ میں 2021 سے 2022 کے درمیان ذہنی صحت کے مسائل کے باعث 1.7 کروڑ غیر حاضریاں ریکارڈ کی گئیں۔ اسی طرح، امریکا میں ایک تحقیق کے مطابق، کام سے جڑے ذہنی مسائل جیسے دباؤ اور بے چینی اب دفتر کے ماحول کا عام حصہ بن چکے ہیں، جو 52 فیصد رپورٹ شدہ کیسز پر محیط ہیں۔
جاپان میں صورتحال اس سے بھی سنگین ہے، جہاں زیادہ کام کے نتیجے میں موت کو بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ کام کے دباؤ سے دل کی بیماریاں اور فالج جیسی خطرناک حالتیں پیدا ہو رہی ہیں۔
ذہنی دباؤ کی بڑی وجوہات میں زیادہ کام کا بوجھ، تعاون کی کمی، محنت کا صلہ نہ ملنا اور کام کی غیر یقینی صورتحال شامل ہیں۔ خاص طور پر 18 سے 24 سال کے نوجوان ملازمین ان مسائل سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ برطانیہ میں ہر تین میں سے ایک نوجوان نے پچھلے سال ذہنی صحت کی وجہ سے چھٹی لی، جبکہ 55 سال سے زائد عمر کے افراد میں یہ شرح صرف 10 فیصد رہی۔
