اگر آپ فاسٹ فوڈ، میٹھے مشروبات، چکن نگٹس اور انسٹنٹ نوڈلز جیسے پراسیسڈ کھانوں کو روزمرہ کی خوراک کا حصہ سمجھتے ہیں تو آپ اپنی صحت کو ایک خاموش قاتل کے حوالے کر رہے ہیں۔ کینیڈا میں ہونے والی ایک بڑی تحقیق نے خبردار کیا ہے کہ الٹرا پراسیس غذائیں نہ صرف جسمانی صحت کو تباہ کر رہی ہیں بلکہ یہ موجودہ دور کی ایک بڑی طبی آفت بنتی جا رہی ہیں۔
میک ماسٹر یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے 6 ہزار سے زیادہ افراد کی خوراک اور صحت کا تجزیہ کرتے ہوئے پایا کہ جو لوگ ان غذاؤں پر زیادہ انحصار کرتے ہیں ان میں وزن بڑھنے، پیٹ نکلنے بلڈ پریشر اور چربی جیسے خطرناک علامات عام تھیں۔ بدترین بات یہ ہے کہ ان میں انسولین کی مزاحمت اور میٹابولک نظام کی سستی بھی دیکھی گئی جو کہ ذیابیطس اور امراض قلب کی بنیادی وجوہات ہیں۔
تحقیق نے یہ بھی واضح کیا کہ پراسیسڈ فوڈز صرف جسمانی مسائل کا باعث نہیں بنتیں بلکہ یہ جسم میں ورم کو بھی بڑھاتی ہیں جو اندرونی نظام کو متاثر کرتا ہے۔ یہاں تک کہ اگر آپ سگریٹ نہیں پیتے باقاعدگی سے ورزش کرتے ہیں تب بھی ان غذاؤں کا استعمال آپ کی صحت کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
دوسری جانب وہ افراد جو Mediterranean ڈائٹ اپناتے ہیں جو سبزیوں، پھلوں، گریوں، مچھلی اور زیتون کے تیل پر مشتمل ہوتی ہے — ان کا وزن متوازن رہتا ہے اور وہ بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر ہم صحت مند زندگی چاہتے ہیں تو ہمیں فوری طور پر پراسیسڈ فوڈز سے اجتناب اور قدرتی غذاؤں کی طرف لوٹنا ہوگا۔ سستا اور لذیذ کھانا وقتی سکون دے سکتا ہے لیکن اس کی قیمت ہمیں اپنی صحت سے چکانی پڑتی ہے۔
