ملک سری لنکا کے راستے پر چل نکلا ہے، عمران خان 

 راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ30 سال تک ملک لوٹنے والوں کو امریکہ نے سازش کے تحت مسلط کردیا اور سازشی حکومت نے دو ماہ میں ہی ملک کا حال برا کردیا۔

تین سال تک مہنگائی مارچ کرنے والوں نے عوام کی کمر توڑ دی، ہم سب سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن غلامی کسی کی نہیں کریں گے۔

عزت اورذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے‘ اللہ نے کہیں آپ کو نیوٹرل رہنے کی اجاز ت نہیں دی‘ ہم بھکاری نہیں ہم پر مسلط کیا گیا خود بھکاری ہے،25 مارچ کو پرامن احتجاجی مارچ کیلئے نکلے تھے ہماری تیاری نہیں تھی لیکن اب کی بار میں کال دوں تو مکمل تیاری نے نکلنا ہے۔ 

وہ بدھ کوراولپنڈی میں ایگزیکٹو کونسل کے اراکین سے خطاب کر رہے تھے۔سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ ملک سری لنکا کے راستے پر چل نکلا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے ہوشربا مہنگائی پر موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تین سال مہنگائی کے نام پر مہنگائی مارچ کئے اور جب اپنا وقت آیا تو دو ماہ میں اتنی مہنگائی کی کہ عوام کی کمر ٹوٹ گئی۔

عمران خان نے کہا کہ ملک کا المیہ ہے کہ پورے پاکستان کا انصاف کا نظام خطرے میں ہے، ساری تحقیقاتی ایجنسیاں جنہوں نے چوری بچانے کے لیے کام کرنا ہوتا ہے وہ سب اپنے آپ کو بچائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے، نیب، اینٹی کرپشن سب ڈریں گے لیکن ایک ادارہ عدلیہ بچ جائے گا، لیکن ماضی میں دیکھا ہے کہ اگر عدالت شریف خاندان کے خلاف فیصلہ کرتی ہے تو سپریم کورٹ پر بھی حملہ ہو جاتا ہے یا پھر ارشد ملک جیسی ٹیپیں نکل آتی ہیں۔سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ نکل آتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کو جدھر سے بھی خطرہ ہوگا یہ اس کے اوپر اٹیک کریں گے، ڈرائیں گے، دھمکائیں گے، پیسے بھی دیں گے۔