عامر لیاقت حسین کا پوسٹمارٹم کرانے کی درخواست پرفیصلہ محفوظ

کراچی کی عدالت نے معروف ٹی وی اینکر و سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین  کا پوسٹمارٹم کرانے کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

سٹی کورٹ میں عامرلیاقت کا پوسٹمارٹم کرانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں عامر لیاقت کے ورثا اورسرکاری وکیل پیش ہوئے۔

سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عامر لیاقت کے ورثا کا کہنا ہے کہ پوسٹمارٹم کرانے سے ان کے والد کی روح کو تکلیف ہوگی اس لئے وہ پوسٹمارٹم نہیں کرانا چاہتے۔ ورثا کے مطابق انہیں کسی پرشک بھی نہیں۔

عدالت میں پیش کی گئی پولیس رپورٹ کے مطابق پولیس سرجن کا کہنا ہے کہ جب تک جسم کا اندرونی جائزہ نہیں لیا جائے گا موت کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں گی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیربعد سنایا جائے گا۔

سٹی کورٹ کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں شہری عبدالاحد نے عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست دی تھی۔