پیٹرول مہنگا،فواد چوہدری اونٹ پر سوار ہوگئے

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد اونٹ کی سواری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہے۔

فواد چوہدری کے بھائی فراز چوہدری نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دونوں بھائیوں کو اونٹ کی سواری کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بڑا ہجوم فواد چوہدری اور اُن کے بھائی فراز چوہدری کی اونٹ پرسوار ہوئے دیکھنے کے لیے موجود ہے۔

فراز چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’کنیال روڈ (جہلم) کے افتتاح کے موقع پر فواد صاحب کے ساتھ ، اونٹوں پر سواری کی‘۔

اُنہوں نے لکھا کہ ’کسے پتا تھا کہ حکومت پیٹرول کو اتنا مہنگا کر دے گی کہ اونٹوں پر سواری گاڑی پر سفر سے زیادہ اچھی لگنے لگے گی‘۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد سے پیٹرول 24 اور ڈیزل 59 روپے لیٹر مہنگا مل رہا ہے۔