وزیراعظم کا آرمی چیف کو فون، فیٹف شرائط مکمل ہونے پر مبارکباد دی

وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فون کیا اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کی گرے لسٹ سے متعلق شرائط مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔

گزشتہ روز فیٹف کا کہنا تھاکہ پاکستان نے تمام شرائط مکمل کرلی ہیں، پاکستان نے 34 آئٹمز پر مبنی اپنے دو ایکشن پلان مکمل کر لیے ہیں، پاکستان کا دورہ کر کے شرائط کی تکمیل کی تصدیق کی جائے گی۔

فیٹف کے اعلان پر وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فون کیا اور گرے لسٹ سے متعلق شرائط مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں کور سیل کے قیام کے آرمی چیف کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ کور سیل میں شامل سول، ملٹری قیادت اور ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔

وزیراعظم نے آرمی چیف سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی جیت کیلئے کام کرنے والے ٹیم کے ہر فرد پر قوم کو فخر ہے۔