وطن واپسی کے لیے رابطے پر ملکی قیادت کے شکر گزار ہیں، اہل خانہ پرویز مشرف

 کراچی: آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ وطن واپسی کے لیے رابطہ کرنے پر سرکاری قیادت کے شکر گزار ہیں مگر پرویز مشرف کی دوا اور علاج کی سہولت پاکستان میں دستیاب نہیں ہے۔

سابق صدر کے اہل خانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وطن واپسی اور سہولت فراہم کرنے پر سرکاری اور غیر سرکاری ذرائع کی طرف سے رابطہ کرنے پر شکر گزار ہیں۔

اہل خانہ نے کہا کہ پاکستان مشرف کا گھر ہے تاہم واپسی سے قبل اہم طبی، قانونی اور حفاظتی چلینجز پر غور کر رہے ہیں۔

فیملی نے مزید بتایا کہ پرویز مشرف کو زیر استعمال دوا کی بلا تعطل فراہمی اور علاج سے متعلق انتظامات کی ضرورت ہے جو فی الحال پاکستان میں دستیاب نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ دبئی میں مقیم پرویز مشرف کی گزشتہ کئی روز سے طبیعت بہت زیادہ ناساز ہے، جس کی وجہ سے انہیں ڈاکٹروں نے پاکستان کا سفر کرنے سے بھی منع کردیا ہے۔