لوگوں کو سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کرکے انقلاب خود بنی گالہ میں چھپا بیٹھا ہے، مریم اورنگزیب

 اسلام آباد: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کی احتجاجی کال پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے کہ لوگوں کو سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کرکے انقلاب خود بنی گالہ میں چھپا بیٹھا ہے اور ہیلی کاپٹر میں معلق انقلاب اب بنی گالہ میں دو جھنڈے لگا کر اسکرین پہ بیٹھا ہے۔ 

 

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو خونی مارچ کا اعلان کر کے خود ہیلی کاپٹر میں معلق رہے، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی مسلط کرنے والے انقلاب کی باہر نکلنے کی ہمت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ جانتے ہیں یہ سب آپ نے کیا، اسی لیے آپ کا انقلاب ٹی وی اسکرین سے باہر نہیں آ رہا، مہنگائی 3 سے 16 فیصد کرنے والے انقلاب ٹی وی اسکرین اور ہوا میں معلق ہیلی کاپٹر میں ہی آ سکتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 43 ہزار ارب کا تاریخی قرضہ لینے والا انقلاب ہوا میں معلق ہیلی کاپٹر اور اسکرین پہ ہی آ سکتا ہے، کشمیر فروشی کرنے والے ٹی وی اسکرین اور معلق ہیلی کاپٹر انقلاب ہی لاسکتے ہیں۔

‎انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ عوام آپ کا جھوٹا اور منافق چہرہ پہچانتی ہے، ‎سازشی بیانیہ دفن ہونے کے بعد 25 مئی کا بھگوڑا اب اپنی دی ہوئی مہنگائی پر فتنہ وفساد پھیلانا چاہتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے سوال کیے کہ عوام ملکی مفاد کو چند ہیروں کے عوض بیچنے کی کال پہ کیوں نکلے ؟  ‎عوام جھوٹے فتنہ ، منافق اور چور کی کال پہ کیوں نکلے؟ ‎عوام چار سال مزدور کی مزدوری اور عوام کی روٹی کھانے والے کی کال پہ کیوں نکلے؟ ‎مہنگائی، معاشی تباہی اور بےروزگاری کے زمہ داروں کی کال پہ عوام کیوں نکلے؟ ‎چار سال مہنگائی کا طوفان برپا کرنے والوں کی کال پر عوام کیوں نکلے؟ ۔