وزیراعظم کا آئی ایم ایف سے مذاکرات پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

 اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے آئی ایم ایف سے مذاکرات پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرلیا۔

 ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے مذاکرات پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔آئی ایم ایف سے مذاکرات کی کامیابی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف قوم کو اعتماد میں لیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں، اضافہ عالمی سطح پر مہنگائی کی وجہ سے ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امید ہے آئی ایم ایف سے مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے، جلد معاشی بحران پر قابو پالیں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے سیاسی بنیادوں پر تقرر و تبادلوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کچھ عرصے کیلئے آئے ہیں ہمیں کام کرنا چاہیے،ہمیں سیاسی بنیادوں پر لوگوں کو خوش کرنے کی ضرورت نہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا معاملہ بھی زیرغور آیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف، وزارت خارجہ اور ایف اے ٹی ایف سیل اور قوم کو  مبارک باد دی۔

ذرائع نے بتایاکہ وفاقی کابینہ کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے انڈونیشیا سے خوردنی تیل منگوانے پر وزیرصنعت اور ٹیم کو مبارک باد دی۔

انہوں نے کہاکہ خوردنی تیل کی کمی کی وجہ سے بحران پیدا ہوا، خوردنی تیل کی فراہمی کے لیے انڈونیشیا کے صدر سے بات کی تھی، وزارت صنعت اور وزارت خارجہ کے حکام نے اہم کردار ادا کیا، امید ہے کہ خوردنی تیل کی آمد کے بعد معاملات بہتر ہوجائیں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیر دفاع خواجہ آصف آمنے سامنے آگئے،وزیرا عظم نے مفتاح اسماعیل کا دفاع سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ کابینہ ارکان کو مطمئن کریں۔

منگل کو کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا،اجلاس کے دوران خواجہ آصف نے وزیر خزنہ کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا مہنگے تیل سے ہم سب کی عوامی مقبولیت کو نقصان پہنچ رہا ہے،مہنگائی کی وجہ سے غریب مشکلات کا شکار ہے،یہ معاملہ اب رکے گا یا نہیں،ہم نے الیکشن میں عوام کے پاس بھی جانا ہے اگر یہی حالات رہے تو پارٹی کو شدید نقصان پہنچے گا۔

،اس پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مجھے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا شوق نہیں،عالمی منڈی کو دیکھ لیں وہاں سے مہنگاتیل خرید کر سستے کیسے بیچ سکتے ہیں،ہم نے امیروں کیلئے ٹیکس بڑھایا ہے،آئی ایم ایف سے جلد خوشخبری آئے گی جس سے غریب عوام کو ریلیف دیں گے۔