کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات، وزیراعظم کا پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

اسلا م آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے جاری مذاکرات پر وزیراعظم پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینگے، ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے گا۔

عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران کا امریکی سازش کا بیانیہ کدھر گیا،گر نیب ترامیم کا فائدہ ہونا ہے تو آپ کے لوگوں کو ہونا ہے،آپ کو خوش ہونا چاہئے کہ اب کوئی نہیں پکڑا جائے گا، عمران خان اداروں کو مس یوز کرتے رہے، جو چیزساڑھے تین سال ثابت نہیں کر سکے، اب کیا کریں گے۔

کیسز کو جھوٹا ثابت کرنا ہمارا آئینی حق ہے، آنے والے ایک دو روز میں چیئرمین نیب کا فیصلہ ہوجائے گا،جن ووٹوں سے عمران آئے انہی ووٹوں سے شہباز شریف بھی وزیراعظم بنے۔

بدھ کے روز قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اجلاس میں عسکری وسیاسی قیادت موجود تھی۔اجلاس کو اہم قومی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے کہاکہ چند روز سے عمران خان نیب ترامیم پر بات کررہے ہیں،عمران خان آئے روز نئے شوشے چھوڑ رہے ہیں، نیب اصلاحات کے بعد اب 90 دن کا ریمانڈ نہیں ہوگا، 90 دن کا ریمانڈ نہ ہونے کا فائدہ اب تحریک انصاف کے لوگوں کو ہوگا، عمران خان پرعدم اعتماد تو ان کے اپنے اتحادیوں نے کیا تھا۔

وزیر دادخلہ نے کہاکہ گزشتہ حکومت نے 4سال لوٹ مار کا بازار گرم رکھا، فرح گوگی اور بشریٰ بی بی کے نام ہر کرپشن میں فرنٹ ویمنز کے طور پر سامنے آرہے ہیں برطانیہ نے منی لانڈرنگ کی 50 ارب روپے کی رقم پاکستان کو واپس لوٹائی،5 ارب روپے لیکر برطانیہ سے ملنے والے 50ارب روپے اسی شخص کو لوٹا دیئے گئے۔

 انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے نیب ترامیم کے حوالے سے غلط بیانی کی جارہی ہے،نیب ترامیم کے بعدکسی کے ناپکڑے جانے کا تاثر بے بنیاد ہے۔