لاہور:پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)کی جانب سے لاہور کو سموگ کے باعث آفت زدہ شہر قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کو لاہور ہائی کورٹ میں بھی پیش کیا گیا، جس میں سموگ پر قابو پانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو بیان کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں سموگ کا باعث بننے والی تمام سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔سموگ پر قابو پانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جبکہ پی ڈی ایم اے آفس میں کرائسز روم قائم کیا جائے گا۔
اسکے علاوہ وہ صنعتیں جو کالے دھوئیں کا اخراج کرتی ہیں بند کر دی جائیں گی اور سکولوں کو اخراج کو کم کرنے کے لئے بسیں خریدنے کا پابند کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقوں میں سموگ پر قابو پانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے جبکہ فصل کی باقیات کو آگ لگانے کی سختی سے ممانعت ہوگی۔
فصل کو جلانے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر ذمہ دار ہوں گے۔ماحول کو آلودہ کرنے والی گاڑیوں اور صنعتوں کے ساتھ بھی سختی سے نمٹا جائے گا۔
ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے گا۔تجاوزات اور غلط پارکنگ کے ذمہ داروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ سموگ ایڈوائزری متعلقہ محکموں کے ذریعے جاری کی جائے گی۔