اسلام آباد:وزیردفاع خواجہ آصف نے سوات میں سکول وین پر فائرنگ کے واقعہ سمیت خیبر پختونخوا میں دیگر واقعات کے حوالے سے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے تحفظ کی بنیادی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے، اس کے بعد سیکیورٹی فورسز کی ہے۔
عمران خان کسی طرح دوبارہ حکومت چاہتے ہیں، چاہے نیوٹرلز کے پاؤں پڑنا پڑ جائے،سابق وزیراعظم خیبرپختونخوا کا ہیلی کاپٹر، پولیس اور دیگر وسائل استعمال کر رہا ہے، پوری صوبائی حکومت کی کوشش ہے عمران خان کو اقتدار واپس مل جائے۔
پیر کو اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیرِ صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ یہ (عمران خان)کسی بھی طرح دوبارہ حکومت چاہتے ہیں، چاہے نیوٹرلز کے پاؤں پڑنا پڑ جائے۔
انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم خیبرپختونخوا کا ہیلی کاپٹر، پولیس اور دیگر وسائل استعمال کر رہا ہے، پوری صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ عمران خان کو اقتدار واپس مل جائے، اسی چکر میں صوبہ ان کے ہاتھوں سے پھسلتا جا رہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردوں سے تحفظ کی بنیادی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے، پھر سیکیورٹی فورسز کی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ یہ کسی بھی طرح دوبارہ حکومت چاہتے ہیں، چاہے نیوٹرلز کے پاؤں پڑنا پڑ جائے۔
اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)میاں جاوید لطیف نے کہا کہ یہ بات حقیقت ہے کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن اور بدعنوانی عروج پر ہے، اب دہشت گردی بھی سر اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ ایک پیراشوٹر اور سازشی شخص کا پاکستان کو سامنا ہے، سازشی دن میں گلے اور رات کے اندھیرے میں پاؤں پڑتا ہے، اگر حقائق قوم تک نہ لائے گئے تو پاکستان کا ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کارگل کا بوجھ بھی نواز شریف نے اپنے کندھوں پر لیا تاہم نتیجہ یہ نکلا کہ نواز شریف کبھی اٹک قلعہ اور کبھی لانڈھی جیل میں ڈالا گیا۔
میاں جاوید لطیف نے کہا کہ آج تک کسی لیڈر نے ریاستی اداروں کے خلاف سازش یا بغاوت نہیں کی، آج تک ذوالفقار علی بھٹو کی کوئی آڈیو عوام کے سامنے آئی کہ وہ ریاست کے خلاف سازش کر رہے ہوں، صرف ان کی آڈیوز سامنے آ رہی ہیں جنھیں گود میں پالا گیا، اور وہ عمران خان خان اور شوکت ترین ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنے والے لوگ بہادر ہوتے ہیں، ادارے بھی اسی طرح مضبوط ہو سکتے ہیں کہ وہ غلطیوں کو درست کریں۔
رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی دوبارہ میں واپس آرہی ہے، صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کو دیکھنا ہوگا، پی ٹی آئی اور دہشت گردوں کے درمیان اتحاد ثابت ہورہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف احتجاج پر پی ٹی آئی حکومت نے پابندی لگادی ہے، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑدیا ہے، افغانستان والا
فارمولہ دہشت گردوں نے یہاں شروع کردیا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزارت خارجہ نے دنیا بھر کی مختلف جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کے حوالے سے تحریری جواب جمع کرواتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت مختلف بھارتی جیلوں میں 461 پاکستانی قیدی موجود ہیں، بھارت میں موجود قیدیوں میں 345 سویلین 116 ماہی گیر شامل ہیں۔