سائفر معاملے پر معتبر ججز پر مشتمل کمیشن بنایا جائے، عمران خان 

ننکانہ صاحب:سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کا شکر گزارہوں سائفر کا معاملہ دوبارہ اٹھا دیا، سائفرکے معاملے پر معتبرججز پر مشتمل کمیشن بننا چاہیے۔

 چور مجھے گندہ کرنے کے لیے ڈیپ فیک ویڈیو تیار کر رہے ہیں، میں عدالت میں جا رہا ہوں، وزیراعظم آفس، گھر کی سکیورلائن کو کس نے ٹیپ اور کس نے لیک کی؟ وزیراعظم کے فون کو ٹیپ کریں لیکن اس کو لیک کرنا جرم ہے۔میرے ساتھ دشمنوں والا سلوک کیا جا رہا ہے۔

 منگل کو ننکانہ میں پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ بجلی،ڈیزل، پٹرول کی قیمتیں دگنا ہو چکی ہیں، بجلی کی قیمت دگنی سے بھی اوپرچلی گئی ہے، یہاں پر کوئی یونیورسٹی نہیں ہے، تحریک انصاف نے ایک تعلیمی نظام بنانے کی کوشش کی، ہماری حکومت کو بیرونی سازش کے تحت گرایا گیا، مجھے ہٹا کر جوتے پالش کرنے والے نوکر کو لایا گیا۔

 حکومت کا شکرگزارہوں سائفر کا معاملہ دوبارہ اٹھا دیا، سائفر معاملے پر کمیشن یہ حکومت نہیں بناسکتی یہ تو خود سازش کا حصہ تھے،مدینہ کی ریاست میں عدل اور انصاف تھا، عدل اورانصاف کا مطلب قانون سے کوئی اوپرنہیں ہوسکتا۔

پی ٹی آئی چیئر مین نے کہاکہ بڑا ڈاکو چوری کرے تو این آر او مل جائے وہ قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، سائیکل چور کو جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے، نواز شریف، مریم نوازکہتے ہیں بڑا ظلم ہوا ہے، نوازشریف نے بیٹی کے نام پرلندن میں چارارب روپے کے محلات خریدے۔ 

لندن فلیٹس بارے یہ جھوٹ بولتے رہے، پاناما انکشافات ہوئے توسب کچھ سامنے آگیا، دس سال پہلے مریم نواز سے فلیٹ بارے پوچھا تو کہا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں، اس بیچاری کو نہیں پتا تھا اللہ سچ سامنے لے آئے گا، پاناما انکشافات کے بعد حسین نوازنے چارلندن فلیٹ کوتسلیم کیا، اب اگلا سوال یہ ہے لندن فلیٹس کا پیسہ کدھرسے آیا، مریم نوازاپنے دادا کوارب پتی کہتی ہیں۔

 شہبازشریف نے کہا ان کے والد کا تعلق ایک غریب گھرانے سے تھا، تم لوگ چوری چھپانے کے لیے کتنے جھوٹ بولوگے، قوم وسائل کی کمی سے نہیں جب اس طرح کے ڈاکومسلط ہوتب تباہ ہوتی ہے، ڈاکوپہلے پیسہ چوری کرتے ہیں پھر ملک سے منی لانڈرنگ کرتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ جب یہ منی لانڈرنگ کرتے ہیں تو ملک میں ڈالروں کی کمی ہوتی ہے، پیسہ باہر بھیجنے کے لیے ملک کے اداروں میں اپنے آدمی رکھواتے ہیں، یہ اپنی چوری بچانے کے لیے نیب کے قانون بدلتے ہیں، قانون بدلنے کے بعد پھران کو اپنے جج چاہیے ہوتے ہیں۔

 جسٹس سجاد علی شاہ کو انہوں نے ڈنڈے کے ذریعے عدالت سے بھگایا تھا، اگرایف آئی اے مقصود چپڑاسی کیس کی غیر جانبدار طریقے سے انویسٹی گیشن کرے تو شہبازشریف پکڑا جائے گا، ان کا سارا ماضی یہ ہے اپنے آئی جیز بھی رکھتے ہیں، اس ملک میں میرٹ کا قتل عام کرتے ہیں، جب ان کی چوری نہ پکڑی جائے تو ملک مقروض ہو جاتا ہے۔

 مشرف نے دونوں ڈاکوں کو 2008 میں این آر او دیا، مشرف کے این آر او کے بعد ملک کا قرضہ 6ہزار ارب سے 30ہزار ارب تک پہنچ گیا، قرضوں کی قیمت عوام مہنگائی کی شکل میں ادا کررہی ہے، ملک کے اندرمیرجعفر، میرصادق ملک تباہ کرتے ہیں،عمران خان نے کہا کہ آپ سب تیاری کریں،کال میں زیادہ دیرنہیں ہے، پوری تیاری کر رہا ہوں، چور مجھے گندہ کرنے کے لیے ڈیپ فیک ویڈیو تیار کر رہے ہیں، میں عدالت میں جا رہا ہوں۔

 وزیراعظم آفس، گھر کی سکیورلائن کو کس نے ٹیپ اور کس نے لیک کی؟ وزیراعظم کے فون کو ٹیپ کریں لیکن اس کو لیک کرنا جرم ہے، میرے ساتھ دشمنوں والا سلوک کیا جا رہا ہے، چیلنج کرتا ہوں یہ جو مرضی کریں عوام کے انقلاب کو نہیں روک سکیں گے، اب آپ سمجھ گئے ہیں ن لیگ والے اس طرح ڈی فیک ویڈیو بنا رہے ہیں، یہ چورایک طرف اور قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہے، یہ خوف میں ہرقسم کے حربے استعمال کریں گے۔