اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں رینجرز کی تعیناتی میں 3 ماہ کے توسیع کی منظوری دیدی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سمری کی سرلوکیشن کے ذریعے منظوری دیدی ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے رینجرز کی تعیناتی میں تین ماہ کی توسیع کی درخواست کی تھی۔
یہ فیصلے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کےاجلاس میں کیے گئے ہیں۔اجلاس میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، کمانڈنٹ ایف سی صلاح الدین محسود،آئی جی اسلام آباد ڈاکٹراکبرناصر، کمانڈر رینجرز اسلام آباد ، چیف کمشنراسلام آباد عثمان یونس، ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ ،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کی شرکت کی۔اجلاس میں سکیورٹی ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے دوسرے اداروں کے نمائندے بھی شریک تھے۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے کوروکنے سے متعلق حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی ہدایت پریہ اجلاس اِن کیمرا منعقد ہوا ہے۔سکیورٹی ایجنسیوں نے وزیرداخلہ راناثناءاللہ کوپی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے شرکاء کی تعداد 15سے 20 ہزار کے درمیان ہونے کا امکان ہے ۔