چمن، بارڈر پر افغان حدود سے فائرنگ، ایک ایف سی اہلکار شہید، 2زخمی

چمن:چمن میں پاک افغان بارڈرباب دوستی پر افغان حدود سے ہونے والی فائرنگ کے باعث ایک ایف سی اہلکار شہید اور  2زخمی ہوگئے۔

نجی ٹی وی  کے مطابق فائرنگ کے بعد پاک افغان سکیورٹی اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا،  فائرنگ کے دوران باب دوستی سے آنے جانے  والے پیدل شہریوں میں بھگدڑ مچ گئی۔

،لیویزحکام کا کہنا تھاکہ پاکستانی حکام نے فائربندی کے لیے افغان حکام سے رابطہ کیا ہے، واقعے کے بعد باب دوستی تجارت اور  پیدل آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا ہے، جس سے سرحد کی دونوں جانب مال بردار ٹرک اور شہری پھنس گئے ہیں۔

لیویز حکام کے مطابق باب دوستی پر پاکستان اور افغان حکام کے درمیان فلیگ میٹنگ ہوئی ہے جس میں کہا گیا کہ  حملہ آوروں کی حوالگی تک باب دوستی بند رہیگا،اس حوالے سے افغان حکام کا کہنا تھاکہ حملہ آور طالبان کے بھیس میں نامعلوم دہشت گرد تھے، ان کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ افغان حدود سے فائرنگ کے باعث کسٹم ہاؤس خالی کیا جا رہا ہے،کسٹم اور امیگریشن اسٹاف کو فوری طور  پر نکال دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر چمن حمید زہری کا کہنا  تھاکہ پاک افغان بارڈر باب دوستی غیر معینہ مدت تک بند رہیگا۔