پنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے 7وکٹوں پر 499رنز بنالئے، بابر، شفیق،امام کی سنچریاں

راولپنڈی: پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز بنالیے۔

پاکستان کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 158 رنز درکار ہیں اور 3 وکٹیں باقی ہیں۔

قومی ٹیم کے اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق جبکہ کپتان بابراعظم سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔  کپتان بابراعظم نے ٹیسٹ کرکٹ کی 8 ویں سنچری مکمل کی۔

امام الحق نے 121 ، عبداللہ شفیق 114 ، اظہر علی 27 ، سعود شکیل 37 ، بابر اعظم 136، محمد رضوان 29 اور نسیم شاہ نے 15 رنز بنائے۔

وِل جیکس نے عبداللہ شفیق کو 114رنز پر آؤٹ کرکے اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ لی۔  امام الحق 121 رنز بنا کر لیچ کی گیند پر رابنسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اظہر علی 27رنز بنا کر جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 298رنز بنالیے۔

وقفے کے بعد پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سعود شکیل 37 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم 136 رنز بنا کر ول جیکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان 29رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کا شکار بن گئے۔ نسیم شاہ 15 رنز بنا کر وِل جیکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز بنالیے۔ پاکستان کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 158 رنز درکار ہیں اور 3 وکٹیں باقی ہیں۔