پاکستان خطرے کے کنارے کھڑا ہے، میڈیا ہاؤسز قوم کو آگاہ نہیں کررہے، عمران خان

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خا ن نے کہا ہے کہ قوم اور ملک کے اداروں سے کہتا ہوں کے پاکستان اس وقت خطرے کے کنارے پرکھڑا ہے، میڈیا ہاؤسز قوم کو خطرے سے آگاہ نہیں کررہے ہیں۔


آج نیشنل سیکیورٹی کے اداروں، عدلیہ کو بھی سوچنا چاہیے کیونکہ سب قوم کو جوابدہ ہوں گے، ملک کے معاشی حالات کا واحد حل شفاف انتخابات ہیں۔

پیر کوچیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تحریک انصاف معاشی ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساری قوم کو معلوم ہونا چاہیے کہ ملک کدھر جا رہا ہے، افسوس سے کہتا ہوں کہ میڈیا ہاؤس کو قوم کو آگاہ کرنا چاہیے کہ پاکستان اس وقت خطرے کے کس کنارے پرکھڑا ہے لیکن میڈیا ہاؤسز قوم کواس خطرے سے آگاہ نہیں کررہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ میں بطور ملک کے سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں کہ قوم کومعاشی خطرے سے آگاہ کروں اور بتاؤں کہ ملک کے حالات بہت خراب ہو سکتے ہیں اور میں صرف قوم سے نہیں ملک کے اداروں سے بھی مخاطب ہوں،کیونکہ اس کے اثرات اداروں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

آج نیشنل سیکیورٹی کے اداروں، عدلیہ کو بھی سوچنا چاہیے کیونکہ سب قوم کو جوابدہ ہوں گے، یہاں تک کہ کاروباری حضرات کو بھی موجودہ معاشی صورتحال سے قوم کو آگاہ کرنا چاہیے اور بتانا چاہیے کہ ہماری ایکسپورٹ کم ہو گئی ہیں ٹیکس کلیکشن نہیں ہو رہی ہے اور کاروباری حضرات سب سے زیادہ پریشان ہیں۔

 عمران خان نے کہا کہ سب کو کہہ رہا ہوں کہ ابھی آواز بلند نہیں کی تو ذمہ دار سب ہوں گے، ہمیں سوچنا چاہیے کہ ملک کو نیچے جانے،روپیہ کی قدر گرنے اور ڈالر کے اوپر جانے کو کیسے روکا جا ئے۔

 چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہماری حکومت نے آئی ایم ایف سے قرضہ،ملک کے قرض اتارنے کیلئے لیا تھا لیکن ملک کے اوپر قرضہ چڑھانے والی موجودہ حکومت کی دو جماعتیں ہیں،30سال سے اقتدار پر بیٹھے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ گیلپ سروے کے مطابق 88فیصد کاروباری حضرات موجودہ حکومت اور معیشت پر اعتماد کھو بیٹھے ہیں، اس طرح کی خوفناک صورتحال پہلے کبھی ملک میں نہیں دیکھی ہے۔