حکومت سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہورہے، پرویز خٹک

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کون سی اسمبلی پہلے تحلیل کرنی ہے اس کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔

 حکومت سے اس وقت کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔ اگر الیکشن پر بات ہو گی تو مذاکرات کی میز پر بیٹھیں گے۔

 عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ حکومت سنجیدگی دکھائے گی تو مذاکرات ہوں گے اور ہم کہہ چکے ہیں حکومت عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان پر سنجیدگی دکھائے۔ 

کون سی اسمبلی پہلے تحلیل کرنی ہے اس کا فیصلہ عمران خان کریں گے، تحریک انصاف ہر وقت انتخابات کے لئے تیار ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی سے ملاقات ہوئی ہے وہ وعدہ پورا کریں گے، وہ ہمارے ساتھ ہیں اسمبلی توڑ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر کسی قسم کے اختلاف نہیں، سب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

خیبر پختوانخوا میں ارکان کی ناراضی کی خبریں افواہیں ہیں، پنجاب میں بھی تمام اراکین عمران خان کے بیانیے کے ساتھ ہیں۔