وزیراعظم اور زرداری کی ملاقات، پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کیلئے اہم فیصلے

لاہور: سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پنجاب اسمبلی کو تحلیل سے روکنے کیلیے متحرک ہوگئے ہیں جس کے لیے انہوں نے شہباز شریف اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے اہم ملاقاتیں کیں۔

 سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ماڈل ٹاؤن پہنچے جہاں اُن کا استقبال وزیراعظم شہباز شریف نے کیا۔ دونوں قائدین نے ملکی معاشی و سیاسی صورتحال پر غور کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات کی سامنے والی اندرونی کہانی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے رابطے بڑھانے اور پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کا ٹاسک چوہدری شجاعت کو دینے پر اتفاق کیا۔

شہباز شریف اور آصف زرداری نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ جب تک چوہدری شجاعت کی جانب سے کوئی گرین سگنل نہیں دیا جاتا اُس وقت تک پرویز الہیٰ سے براہ راست کوئی رابطہ نہیں کیا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورت حال پر گہری نظر رکھنے اور متحرک رہنے پر بھی اتفاق کیا۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر نے شہباز شریف کو آگاہ کیا کہ انہوں نے پنجاب میں پڑاؤ طویل کرلیا ہے۔

بعد ازاں سابق صدر آصف علی زرداری کی مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے لیے اُن کی رہائش گاہ پہنچے جہاں پنجاب کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور چوہدری سالک حسین بھی موجود تھے۔ سابق صدر نے پنجاب کی صورت حال پر حتمی فیصلے کو چوہدری شجاعت کی رضامندی سے مشروط بھی کردیا۔