لاہور: رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کے خلاف کل گورنر ہاؤس پنجاب کے سامنے احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ زرداری راج کے پیسے اب پنجاب کے ایم پی ایز پر لگ رہے ہیں، ہمارے ایم پی ایز کو ٹیلی فون کالز آرہی ہیں، انہیں خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اب عوام باشعور ہوگئے ہیں وہ یہ سب دوبارہ نہیں ہونے دیں گے، پنجاب اسمبلی میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کے خلاف کل گورنر ہاؤس کے سامنے ایک بڑا اجتماع کررہے ہیں، جس سے عمران خان خطاب کرینگے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ کل شام پانچ بجے پی ٹی آئی قیادت اورکارکنان بڑی تعداد میں اسمبلی کے باہرہونگے، ارکان اسمبلی خصوصی طور پر گورنر ہاؤس پہنچیں، پنجاب اسمبلی کے باہر جمع ہوکر واضح پیغام دیں گے کہ کسی کو کھلواڑ کی اجازت نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ کل عوام خود سوموٹو لیں گے وہ خاموش تماشائی بن کرنہیں رہیں گے، انہوں نے گورنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو اسپیکر کی رولنگ پر اعتراض ہے تو عدالت جائیں۔