سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی ارکان کو استعفوں کی دوبارہ تصدیق کے لئے مدعو کر لیا 

اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کو استعفوں کی دوبارہ تصدیق کے لئے مدعو کر لیا۔

ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے وائس چیرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کے خط کا جواب بھجوا دیا ہے۔خط میں استعفوں کی تصدیق سے متعلق قواعد کا حوالہ دیا گیا ہے۔

 خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ گیارہ اپریل کو جمع کروائے گئے استعفوں کی تصدیق کے لئے تیس مئی کو خط لکھا گیا۔چھ سے دس جون تک تصدیق کی مہلت دی گئی۔

مذکورہ شیڈول کے اندر کوئی رکن استعفے کی تصدیق کے لئے نہیں آیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے ارکان کو دوبارہ تصدیق کے لئے مدعو کر لیا اور کہا ہے کہ استعفٰی دینے والے ارکان کو تصدیق کے لئے چیمبر میں حاضر ہوں۔

سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی رکن ک یا استعفیٰ کا معاملہ قومی اسمبلی کے قوائد و ضوابط 2007 اور پارلیمانی روایات کے تحت طے شدہ معاملہ ہے۔یہ معاملہ چیئر کی رولنگ اور اعلی عدالتوں کے فیصلوں کے تحت بھی کیا جا چکا ہے۔

جوابی خط میں قومی اسمبلی کے رول 43 کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔سپیکر قومی کو یہ اطمینان کرنا ہو تا ہے کہ استعفیٰ رضاکارانہ اور اصل ہے۔سپیکر کے فیصلے کے بعد سیکرٹری قومی اسمبلی استعفوں کی منظوری کا گیزٹ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

گیزٹ نوٹیفکیشن کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھجی جائے گی تا کہ سیٹ کو خالی قرار دیا جا سکے۔ممبر کے لیے ضروری ہے کہ وہ استعفیٰ کے اوپر تاریخ درج کرے۔

اگر استعفیٰ پر تاریخ درج نہیں تو استعفیٰ جمع کروانے کی تاریخ استعفیٰ کی تاریخ قرار دیا جائے گا۔

یاد رہے شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی منظوری کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا تھا۔

شاہ محمود قریشی نے استعفوں کی منظوری کے حوالے سے سپیکر سے ملاقات کا وقت بھی مانگا تھا۔