ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی، وزیراعظم

راولپنڈی: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی،کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اور بہادر مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں کے ذریعے حاصل کی گئی کامیابیوں کو پٹڑی سے اتارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقا ت عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے سی ایم ایچ راولپنڈی میں سی ٹی ڈی کمپلیکس بنوں آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے سی ٹی ڈی کمپلیکس بنوں کو کلیئر کرنے والے فوجیوں کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہداء  اور ان کے اہل خانہ نے پاکستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پرامن اور مستحکم ماحول کے حصول تک دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر سے لڑنے اور دہشت گردوں، ان کے حامیوں اورسہولت کاروں کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔ 

وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی اور کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اور بہادر مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کے ذریعے حاصل کردہ کامیابیوں سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیر دفاع خواجہ بھی وزیر اعظم کے ہمرا ہ تھے۔