افسر بننے کا موقع 

زندگی کی دوڑ تیزہونے کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ زندگی میں مقابلہ بھی بڑھ گیا ہے اور ماضی کے مقابلے میں زیادہ محنت اور جدوجہد سے ہی عملی زندگی میں اعلیٰ مقام حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اگر کوئی کہیکہ نوکری سفارش اور رشوت سے ہی ملتی ہے تو  یہ سوچ بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔ اپنے آپ پر بھروسہ کریں اور محنت کریں تو آپ اپنی منزل پالیں گے۔ سی ایس ایس کے امتحان کے امتحان میں کامیاب ہونے والے انتہائی غریب افراد کے متعلق  میڈیا میں جو رپورٹس سامنے آئی ہیں ان کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ محنت کبھی رائیگان نہیں جاتی اور اس کا پھل ضرور ملتا ہے۔ ا ن میں سے کئی رپورٹس ایسی ہیں کہ جن سے مقابلے کے امتحان میں بیٹھنے کے خواہش مند مفید ٹپس حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنی یہ غلط فہمی بھی رفع کرسکتے ہیں کہ یہ امتحان صرف بڑے اور مالدار لوگ ہی اپنی دولت اور سفارش کی بدولت پاس کرسکتے ہیں اور غریب ان میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔ بلکہ انا میڈیا رپورٹس سے جو پاکستان میں مقابلے کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے مر دو خواتین امیدواروں کے پاس ہونے اور اعلیٰ عہدوں پر فائز ہونے سے متعلق ہیں یہ نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ اور یہ بھی کہ واضح منزل رکھنے، اپنی کامیابی پر مکمل یقین رکھنے، سخت محنت کرنے، کتاب سے عشق کرنے اور دعائیں لینے والے اپنا مقصد حاصل کرہی لیتے ہیں۔پاکستان کی آبادی میں 63 فیصد جوان ہیں جن کی ایک بڑی تعداد اس وقت تعلیم، روزگار اور فنی تربیت سے محروم ہے۔ اس کی وجہ تو یہ ہے کہ ان گریجویٹس کو مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق تعلیم دی جارہی ہے نہ معیشت فارغ ہونے والوں کو جذب کر پارہی ہے۔ مگر میرے خیال میں ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ بعض نوجوان محنت سے جی چراتے ہیں۔ نہ ان کے پاس کوئی ہنر ہوتا ہے اور نہ انہیں پتا ہوتا ہے کہ انہیں اپنی صلاحیت کے مطابق کس طرف جانا چاہئے۔ وہ عام تعلیم حاصل کرتے ہیں اور وہ بھی سیکھنے کیلئے نہیں بلکہ پاس ہونے اور ڈگری کے حصول کیلئے۔ بمشکل ڈگری حاصل کرنے والے یہ جوان پھر ملازمت نہ پاکر نظام پر
 بدعنوانی، رشوت اور سفارش کے الزامات لگاتے ہوئے مایوسی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ تعلیم و ہنرکے ذریعے آگے بڑھنے کی لگن رکھنے والے کبھی ناکام نہیں ہوتے۔ایسے نوجوانوں کو جو حصول تعلیم کے بعد نوکری کی تلاش میں ہوتے ہیں انہیں بڑے عزم اور حوصلے کے ساتھ مقابلے کے امتحانات کیلئے تیاری کرکے اس میں ضرور شامل ہونا چاہئے۔ ساتھ ہی آپ چاہیں تو فری لانسنگ اور انٹرنیٹ تجارت پر بھی پیسے کما سکتے ہیں۔ بہت سے لڑکے لڑکیاں گھر بیٹھے اپنی مہارت اور محنت کے ذریعے ہزاروں لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔ مختلف مفت سرٹیفیکیٹ کورسز کرنے کیلئے آپ  مختلف ویب سائٹس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔اگر آپ غور کریں تو ہماری زندگی میں ناکامیوں اور مشکلات کی وجوہات میں ہماری تن آسانی اور محنت سے جی چرانا بھی شامل ہیں۔ تو محنت کو شعار بنا دیجئے۔ خدا پر بھروسہ رکھیں، وہ آپ کو کامیابیاں اور خوشیاں دے گا۔یعنی کوئی اگر اپنا ایک ہدف مقرر کرے اور پھر اس کے حصول کے لئے مربوط اور منظم انداز میں لائحہ عمل تشکیل دے کر محنت کرے تو ایسے لوگ کسی بھی شعبہ زندگی میں نمایاں مقام حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوتے ہیں جو لوگ نوکری نہ ملنے کی شکایت کرتے ہیں وہ کسی حوالے سے کمزوری کا مظاہرہ کرتے ہیں جس کو دور کرکے ہی کامیابی مل سکتی ہے۔