رونالڈو کیلئے سعودی عرب شادی قوانین تبدیل کرنے کو تیار ؟

ریاض: پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب کے کلب النصر سے معاہدہ کرنے کے بعد ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب مبینہ طور پر کرسٹیانو رونالڈو اور انکی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگز کے لیے اپنے قوانین تبدیل کرسکتا ہے۔

سعودی عرب میں غیر شادی شدہ افراد کے ایک ساتھ رہنے پر پابندی عائد ہے تاہم النصر کلب سے معاہدہ کرنے والے رونالڈ اور انکی گرل فرینڈ بغیر شادی کئی سالوں سے ایک ساتھ زندگی گزار رہے ہیں جبکہ ان کے پانچ بچے بھی ہیں۔

ہسپانوی خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ رونالڈو اور جارجینا روڈریگز سعودی عرب میں ایک ساتھ رہیں گے اور غالباً قانون توڑنے پر سزا نہیں دی جائے گی۔

قبل ازیں اسٹار فٹبالر کا سعودی فٹبال کلب النصر کی نمائندگی کیلئے 3 جنوری کو ریاض پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا تھا جبکہ دو میچز کی پابندی کے باعث وہ سعودی کلب النصر کی جانب سے ڈیبیو نہیں کر پائے تھے۔

واضح رہے کہ رونالڈو اور سعودی کلب کے درمیان ڈھائی سالہ معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت النصر کلب انہیں 21 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز معاوضہ ادا کرے گا۔