کوئٹہ سے پشاور آنیوالی ٹرین میں دھماکہ،2افراد جاں بحق، متعدد زخمی

چیچہ وطنی: چیچہ وطنی کے قریب کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں دوافراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

جعفر ایکسپریس میں دھماکہ بوگی نمبر چار کے واش روم میں ہوا، بوگی نمبر چار میں تبلیغی جماعت کے لوگ بھی موجود تھے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق گیس لیکج کے باعث یکدم دھماکہ ہوگیا۔ 

مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرین میں دھماکہ میاں چنوں سے نکلتے ہی ہوا تھا، مسافر ایمرجنسی چین کھینچتے رہے مگرعملے نے دھیان نہیں دیا۔

دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لے لیا، نگران وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔