امریکہ میں بچوں کی مشقت 

ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں بچوں کی مشقت کے حوالے سے ہوش ربا انکشافات سامنے آئے ہیں اور وہاں مجبور تارکین وطن بچوں سے وسیع پیمانے پر مشقت لی جارہی ہے‘امریکی اخبار نیویارک ٹائمز اور خبر رساں ایجنسی نے پچھلے دنوں تفصیلی رپورٹیں شائع کی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ چائلڈ لیبر تمام امریکی ریاستوں کی تقریباً ہر صنعت میں موجود ہے جن میں مذبح خانوں میں صفائی اور آٹو پارٹس کی تیاری والی سخت ملازمتیں بھی شامل ہیں رپورٹوں کے مطابق کثیر تعداد میں کم عمر تارکین وطن بچے مشقت پر مجبور ہیں اور امریکہ کی تقریبا ًتمام بڑی ریاستوں اور فیکٹریوں میں مزدور قوانین کی خلاف ورزی دھڑلے سے جاری ہے‘متعلقہ لیبر قوانین کی ان خلاف ورزیوں اور انکشافات کے بعد کانگریس کے تینتیس اراکین نے امریکی لیبر سیکرٹری پر زور دیا ہے کہ وہ آٹوموٹو پلانٹس میں چائلڈ لیبر کے ذمہ داروں کے خلاف سخت اور تیز سزائیں نافذ کریں‘بائیڈن انتظامیہ نے خطرناک امریکی صنعتوں میں نابالغ تارکین وطن کی غیر قانونی ملازمت سے متعلق تحقیقاتی رپورٹس میں زبردست اضافے کے درمیان بچوں کی مشقت کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ محکمہ محنت نے 2018 ء سے بچوں سے مزدوری کی خلاف ورزیوں میں تقریباً 70 فیصد اضافہ دیکھا ہے اورگزشتہ مالی سال میں 835 کمپنیوں نے چائلڈ لیبر قوانین کی خلاف ورزی پائی گئی‘نیویارک ٹائمز نے امریکی ریاستوں الاباما، فلوریڈا، جارجیا، مشی گن سمیت 20 ریاستوں میں 100 سے زائد تارکین وطن مزدور بچوں سے گفتگو کی جن کی اکثریت وسطی امریکہ سے آئی ہے‘ 2021ء میں اس فورس میں کئی گنا اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے اور بچوں کی مشقت پر نافذ قوانین کی عملداری نظر نہیں آرہی‘نیو یارک ٹائمز نے کہا ہے کہ صرف پچھلے دو سال میں دو لاکھ پچاس بچے خود امریکہ میں داخل ہوئے ہیں اور بغیر والدین کی نگرانی کے داخل ہونے والے نابالغ بچوں کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار ہوگئی ہے امریکی کی ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز ایجنسی ان نابالغ بچوں کو اپنے سپانسرز کے حوالے کرتی ہے اور ہر ماہ بعد ان کی جانچ پڑتال کرتی ہے۔ تاہم گزشتہ دو سال میں یہ ایجنسی 85 ہزار سے زائد بچوں تک نہیں پہنچ سکی اور ایک تہائی مہاجر بچوں سے اس کا فوری رابطہ ختم ہو گیا ہے۔ امریکہ میں نابالغ ورکرز کے ساتھ مختلف حادثات میں کم از کم 11 بچے ہلاک ہوچکے ہیں‘ رپورٹ کے مطابق بچے شرٹس میں میڈ ان امریکہ کا لیبل سیتے ہیں، والمارٹ اور ٹارگٹ پر فروخت ہونے والے کھانے کے رول پیک کرتے ہیں، بین اینڈ جیری کی آئس کریم میں استعمال ہونے والا دودھ پراسس کرتے ہیں، ہول فوڈز پر فروخت ہونے والے چکن تیار کرتے ہیں اور مشی گن میں بچے فورڈ اور جنرل موٹرز کے زیر استعمال آٹو پارٹس بناتے ہیں‘امریکہ، جو دوسری ریاستوں پر بچوں کی مشقت کے حوالے سے تنقید کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتا‘ میں نہ صرف چائلڈ لیبر کی صورت حال خطرناک ہے بلکہ بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن کے مطابق اس نے تنظیم کے آٹھ بنیادی کنونشنوں میں سے اب تک صرف دو کی توثیق کی ہے‘ آئی ایل او نے امریکہ میں بچوں کی مشقت کے معاملے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے امریکی حکومت سے اس مسئلے کو حل کرنے کی تاکید کی ہے تاہم ابھی تک مسئلہ باقی ہے‘تاہم امریکی حکومت نے چائلڈ لیبر پر ایک انٹرایجنسی ٹاسک فورس بنادی ہے جو ان صنعتوں کے غیر اعلانیہ معائنے کا ارادہ رکھتی ہے جہاں خلاف ورزیوں کا  امکان ہوتا ہے امریکی صدرکی ڈیموکریٹک انتظامیہ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کیلئے بھاری جرمانے اور نفاذ اور نگرانی کیلئے مزید فنڈنگ پر بھی زور دے رہی ہے۔