اسلام آباد:وزیرِ اعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی ہدایت کر دی۔وزارت توانائی نے سحر، افطار و تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت توانائی نے ملک کی تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سحر، افطار و تراویح کے اوقات میں بجلی کی فراہمی یقینی ہو گی، سحر کے اوقات سے ایک گھنٹہ قبل اور ایک گھنٹہ بعد میں زیرو لوڈ مینجمنٹ ہو گی۔
وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ افطار کے اوقات میں ایک گھنٹہ قبل اور 3 گھنٹے بعد زیرو لوڈ مینجمنٹ ہو گی، بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے آپریشن سرکل کی سطح پر کنٹرول روم قائم ہوں گے۔
دوسری جانب سوئی ناردرن نے رمضان میں گھریلوصارفین کوبلاتعطل گیس فراہمی کا فیصلہ کیا ہے،سوئی ناردرن کے ترجمان نے کہا ہے کہ رمضان میں گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس فراہم کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ رات اڑھائی سے صبح 6اور شام 4سے رات 9بجے تک بلاتعطل گیس فراہم کی جائے گی، سحر و افطار کے علاوہ بھی گھریلو صارفین کو گیس فراہمی جاری رہے گی۔
ترجمان نے کہا کہ رمضان میں گیس فراہمی کی شکایت کے فوری حل کے لیے کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔