سال 2023 کا پہلا چاند گرہن کب ہوگا؟

سال 2023 کا پہلا چاند گرہن 5 اور 6 مئی کی درمیانی شب کو ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس کا پہلا چاند گرہن 5 مئی کو ہوگا اور پاکستان سمیت ایشیا، یورپ اور عرب کے کئی ممالک میں دیکھا جا سکے گا۔

چاند کو گرہن لگنے کا نظارہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 14 منٹ پر کیا جا سکے گا، اور چاند معمول سے کم روشن ہوگا۔

چاند گرہن کا کُل دورانیہ 4 گھنٹے 10 منٹ ہوگا، رات 10 بج کر 23 منٹ پر چاند گرہن عروج پر ہوگا جب کہ رات 12 بج کر 32 منٹ پر چاند گرہن ختم ہو جائے گا۔

ماہرین کے مطابق چاند گرہن پاکستان سمیت کئی ایشیائی ممالک کے ساتھ ساتھ یورپ، ایران، عراق، متحدہ عرب امارات، روس اور چین میں بھی نظر آئے گا۔

واضح رہے کہ چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین کے پیچھے اس کے سائے میں گزرتا ہے، جس کی وجہ سے چاند سرخی مائل نظر آتا ہے۔ سورج گرہن کے برعکس چاند گرہن آنکھوں کے لیے کوئی حفاظتی اقدام کیے بغیر دیکھا جا سکتا ہے۔