پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کا شیڈول جاری

کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گرین شرٹس کے دورہ آسٹریلیا میں میزبان ٹیم کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کھیلے گی، یہ سیریز بینو قادر ٹرافی کے نام سے کھیلی جائے گی جوکہ آئی سی سی ورلڈ ٹیٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہوگی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ پرتھ کرکٹ اسٹیڈیم میں 14 سے 18 دسمبر تک کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر میلبرن جبکہ آخری ٹیسٹ میچ 3 تا 7 جنوری 2024 تک تاریخی سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

بابراعظم کا آسٹریلیا کا تیسرا ٹیسٹ ٹور ہوگا، اس سے قبل وہ دسمبر 2016 میں مصباح الحق اور نومبر 2019 میں اظہر علی کی قیادت میں آسٹریلیا میں ٹیسٹ کھیل چکے ہیں، بابراعظم آسٹریلیا میں ابتک پانچ ٹیسٹ میچوں میں 278 رنز بناچکے ہیں جس میں برسبین ٹیسٹ میں بنائی گئی سنچری قابل ذکر ہے اس کے علاوہ انہوں نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں 97 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

آسٹریلیا اور پاکستان کے اسپنرز رچی بینو اور عبدالقادر کے نام سے بینو قادر ٹرافی کا آغاز 2022 میں ہوا تھا جب آسٹریلوی ٹیم نے 16 سال کے وقفے کے بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا اور ٹیسٹ سیریز پیٹ کمنز کی قیادت میں ایک صفر سے جیتی تھی۔