اسحاق ڈار کی بجٹ میں تاجروں کی تجاویز شامل کرنے کی یقین دہانی

وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر اسحاق ڈار نے تاجروں کے مسائل کو حل کرنے اورنئے مالی سال کے بجٹ میں تاجروں کی تجاویز کو شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر خزانہ نے یقین دہانی ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں آل پاکستان انجمن تاجران کے وفد سے سے ملاقات میں کرائی۔ وفد کی قیادت محمد نعیم میر کررہے تھے۔ ملاقات میں بجٹ تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے وزیر خزانہ کو ملک کے تاجر وں کے مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے تاجر برادری کو مسائل حل کرنے اور ان کی تجاویز پر بجٹ میں غور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ملک میں کاروبار اورسرمایہ کاری کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک کو مشکل اقتصادی صورتحال کاسامنا ہے تاہم ماضی کی طرح ایک بارپھر ان مشکلات پرقابو پاکرملک کوپائیدار نمو کی راہ پرگامزن کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں سمیت تمام شراکت داروں کے تعاون سے مشکل صورتحال پرقابوپانے میں کامیاب ہو گی۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ اقتصادی چیلنجز کے باوجود حکومت عوام کوریلیف فراہم کرنے میں پرعزم ہے، گزشتہ دوہفتوں کے دوران دو مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، اس کے علاوہ ایل پی جی اورخوردنی تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی، حکومت گنجائش کے مطابق عوام کوریلیف فراہم کررہی ہے۔

وفد نے مسائل سننے اوربجٹ میں تاجروں کی تجاویز کوشامل کرنے پروزیر خزانہ کاشکریہ اداکیا اورتاجربرادری کی جانب سے حکومت کی پالیسیوں کی حمایت کا یقین دلایا۔