نامزد نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ملک کے 8 ویں نگراں وزیر اعظم کی حیثیت سے عہدے کا حلف آج اٹھائیں گے جب کہ انہوں نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ بھی دے دیا ہے۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی حلف برداری کی تقریب آج سہ پہر3 بجے ایوان صدر میں ہوگی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نامزد وزیراعظم سے حلف لیں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوں گے جب کہ تقریب میں شرکت کے دعوت نامے جاری کردیے گئے ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سمیت تینوں سروسز چیفس کو بھی دعوت نامے بھجوا دیے گئے ہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور چاروں صوبائی گورنرز کو بھی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ نگراں وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں سابق وفاقی کابینہ کے اراکین کی شرکت بھی متوقع ہے۔
انوار الحق کاکڑ حلف برداری کے فوری بعد وزیراعظم ہاؤس پہنچیں گے
وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر انوار الحق کاکڑ کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا اور ان سے وزیراعظم ہاؤس کے عملے کا تعارف کروایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا عہدے پر آج آخری روز ہے، انہیں پی ایم ہاؤس میں گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔ الوداعی تقریب کا اہتمام نگراں وزیر اعظم کی حلف برداری کے بعد ہوگا۔
انوار الحق سے قبل نگراں وزیراعظم کے عہدے پر رہنے والوں میں غلام مصطفیٰ جتوئی، بلخ شیر مزاری، معین الدین حیدر، معراج خالد، محمد میاں سومرو، میر ہزار خان کھوسو اور جسٹس ناصر الملک شامل ہیں۔
دوسری جانب نامزد نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو بھجوا دیا ہے۔
قانونی طور پر انوار الحق کو سینیٹ نشست چھوڑنے کی ضرورت نہیں تھی اور ماضی میں ایسی ایک مثال بھی موجود ہے۔
نگراں کابینہ سے متعلق ذرائع کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم اگلے 2 سے 3 دن میں اپنی کابینہ کو حتمی شکل دیں گے، سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو نگراں کابینہ میں وزارت خزانہ کا قلمدان جبکہ سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کو وزیر خارجہ بنائے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔