بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر یووراج سنگھ اور بالی وڈ اداکارہ ہیزل کیچ کےہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
یووراج سنگھ کی جانب سے انسٹا گرام پر اپنے مداحوں کو خوشخبری دی گئی کہ ان کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوئی ہے۔
یووراج سنگھ نے انسٹاگرام پر بیگم ہیزل کے ہمراہ اپنی نومولود بیٹی کی تصویر اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہماری جاگتی راتیں بہت زیادہ خوشگوار ہو گئی ہیں کیونکہ ہم نے اپنی چھوٹی شہزادی 'اورا' کو خوش آمدید کہا ہے جس کے بعد ہماری فیملی مکمل ہوگئی'۔
واضح رہے کہ سابق بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ نے بالی وڈ اداکارہ ہیزل کیچ سے 2016 میں شادی کر کے اپنی زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کیا تھا جبکہ گزشتہ سال جنوری میں جوڑے کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔
ہیزل کیچ نے بالی وڈ فلم 'باڈی گارڈ' میں سلمان خان اور کرینہ کپور کے ہمراہ معاون کردار ادا کیا تھا ۔
دس جون دوہزاراُنیس کو یووراج نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔