بھارت، آسمانی بجلی گرنے سے 10افراد ہلاک

نئی دہلی: بھارتی ریاست اڑیسہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 10 افراد کی جان چلی گئی، محکمہ موسمیات نے اگلے 4 دنوں تک شدید بارش کا انتباہ جاری کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اڑیسہ کے 6 اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں کم از کم 10 افردا کی جان چلی گئی جبکہ کئی افراد زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق ان 6 اضلاع میں ہفتے کو شدید بارش ہوئی جس کے بعد اسپیشل ریلیف کمشنر کے دفتر نے جاری بیان میں بتایا کہ آسمانی بجلی گرنے سے کھوردا ضلع میں 4، بولانگیر میں 2 اور انگول، بودھ، جگت سنگھ پور اور ڈھینکنال میں ایک ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریاست اڑیسہ میں آسمانی بجلی گرنے کے بعد ساحلی علاقے میں شدید بارش ہوئی، بھونیشور اور کٹک میں ہفتے کو 90 منٹ کے وقفے کے دوران بالترتیب 126 ملی میٹر اور 95.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بھارت کی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اگلے چار دنوں میں ریاست اڑیسہ کے کئی حصوں میں اسی طرح کے حالات رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے طوفان کے دوران لوگوں کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کا مشورہ دیا ہے، شمال مشرقی خلیج بنگال میں بھی ایک سائیکلونک سرکولیشن بن گیا ہے۔