ایشیا کپ، بنگلہ دیش نے افغانستان کو شکست دیدی

ایشیا کپ ون ڈے کے گروپ بی کے میچ میں بنگلادیش نے افغانستان کو با آسانی 89 شکست دے دی ۔

بنگلادیش کے 335 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 245 رنز پر ڈھیر ہوگئی ،ابراہیم زادران 75 اور کپتان حشمت اللہ نے 51 رنز بنائے۔

ایشیا کپ کا یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 334رنز بنائے، مہدی حسن نے 112 اور نجمل حسین نے 104 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

بنگلادیش کے محمد نعیم 28 رنز بناکر مجیب الرحمان کی گیند کا شکار ہوئے جب کہ توحید کو گلبدین نائب نے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کیا۔

2 وکٹیں گرنے کے بعد مہدی حسن اور نجمل حسین نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور سنچریاں اسکور کیں۔مہدی حسن نے 112 اور نجمل حسین نے 104 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

اس کے علاوہ  مشفیق الرحیم نے 25 رنز بنائے جبکہ شکیب الحسن 32 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمٰن اور گلبدین نائب نےایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کے 335 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کا آغاز بالکل اچھا نہ ہوا، صرف ایک رنر پر اوپنر رحمان اللہ گرباز آؤٹ ہوگئے، تاہم ابراہیم زادران اور رحمت شاہ کے درمیان 78 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر رحمت 33 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

2 وکٹیں گرنے کے بعد ابراہیم زادران اورحشمت اللہ نے نصف سنچریاں اسکور کیں لیکن پھر سیٹ بیٹر ابراہیم زادران 75 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے جبکہ نئے آنے والے بیٹر نجیب اللہ بھی 17 رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے علاوہ کپتال حشمت اللہ نے 51، راشد خان نے 24 اور گلبدین نے 15رنز بنائے، افغانستان کی پوری ٹیم 45ویں اوور میں آؤٹ ہوگئی، یوں بنگلادیش نے میچ میں 89 رنز سے کامیابی سمیٹی۔

بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 4 اور شریف الاسلام نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن محمود اور مہدی حسن مرزا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 

واضح رہے کہ بنگلادیش کو گزشتہ میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد ایونٹ میں رہنے کے لیے آج افغانستان کے خلاف میچ جیتنا لازمی تھا۔

ٹاس کے موقع پر بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے ،اچھا اسکور دینے کی کوشش کریں گے۔

افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ  ہم ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ کو ترجیح دیتے، لاہور میں ہمیں شائقین کی بہت سپورٹ حاصل ہے۔