نگران وزیر بلدیات انجینئر عامر ندیم درانی کا ڈبلیو ایس ایس پی ہیڈ آفس کا دورہ

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر بلدیات وپبلک ہیلتھ انجینئرنگ انجینئر عامر ندیم درانی نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کا دورہ کیا، سیکرٹری بلدیات محمد داؤد خان اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر نے انہیں ڈبلیو ایس ایس پی آپریشنل، مالی وانتظامی امور، کامیابیوں اور درپیش مسائل وچیلنجوں بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر جی ایم پلاننگ اینڈ ایچ آر سید ضمیرالحسن، چیف فنانشل آفیسر حیدر علی، جی ایم آپریشن سید تراب شاہ اور جی ایم پراجیکٹ ڈاکٹر محبوب عالم بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ شہری خدمات کی فراہمی اور معیار کی بہتری کے لئے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے جدت لائی گئی ہے، اخراجات میں کمی کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں، تقریباً 50 ٹیوب ویلوں کو خود کار سکیڈا نظام پر منتقل کیا گیا ہے، مزید ٹیوب ویلوں میں نظام نصب کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، کوڑا کرکٹ کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگانے کے لئے ڈمپنگ سائٹ میں سنیٹری لینڈ فل سیل بنایا گیا ہے، خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی مہم چلائی جارہی ہے، عملے، تاجروں، اساتذہ، طلبہ، منتخب نمائندوں اور کمیونٹی کے درمیان روابط کے لئے کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں، کئی علاقوں میں محدود پیمانے پر گھر گھر سے کوڑا کرکٹ اٹھایا جارہا ہے۔ ڈاکٹر حسن ناصر نے کہا کہ صارفین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، لیکیج پر قابو پایا گیاہے، باقاعدہ بنیادوں پر نمونے لیکر پانی کا تجزیہ کیا جارہا ہے، فلٹریشن پلانٹس نصب کئے گئے،پانی کے غیر قانونی کنکشنز کی رجسٹریشن جاری ہے، بلوں کی وصولی کی شرح میں بہتری آئی ہے مزید بہتری لانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، عملے کی حاضری یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک نظام متعارف کرایا گیا ہے، تمام شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیڈا نظام، بجلی میٹروں کی تبدیلی، گاڑیوں میں ٹریکنگ نظام کی تنصیب اور کفایت شعاری کے دیگر اقدامات کی بدولت تیل وبجلی، انتظامی اور آپریشنل اخراجات میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ صوبائی وزیر نے ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید بہتری لانے کے لئے تجاویز مانگیں اور یقین دہانی کرائی کہ مسائل کے حل اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ڈبلیو ایس ایس پی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور شہریوں کو معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔