اسرائیلی شہریوں کو بغیر ویزا امریکہ میں داخلے کی اجازت

واشنگٹن: امریکہ نے اسرائیلی شہریوں کو بغیر ویزا ملک میں داخلے کی اجازت دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جوبائیڈن انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو امریکی ویزے ویور پروگرام میں داخل کر رہی ہے جس میں 30 نومبر سے اسرائیلی شہری بغیر ویزے کے امریکہ میں داخل ہو سکیں گے۔

امریکہ کی ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سیکرٹری الیجینڈرو میئرکاس نے کہا کہ یہ فیصلہ امریکہ اور اسرائیل کے درمیان سیکیورٹی، اقتصادی اور عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرتا ہے۔

امریکی حکام نے کہا کہ مغربی کنارے اور امریکہ میں رہنے والے فلسطینی نژاد امریکی اب اسرائیل میں ویزہ کے بغیر داخل ہونے اور بین گوریون ہوائی اڈے کے اندر اور باہر پرواز کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں جس سے ان امریکیوں کے لیے سفر کی راہ میں حائل رکاوٹیں کم ہوجاتی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی حکومت کا مذکورہ بالا فیصلہ اسرائیل کی وزارت خارجہ کی جانب سے دیئے گئے بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس مں کہا گیا تھا وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی مذہبی قوم پرست حکومت کے لیے یہ فیصلہ ایک جیت ہو گی۔