چین کے ہیکرز نے امریکی وزارت خارجہ کی 60 ہزار ای میلز چُرالیں

واشنگٹن: چینی ہیکرز نے امریکی وزارت خارجہ کے کمپیوٹر سسٹم پر سائبر حملہ کرکے 60 ہزار ای میلز چُرالیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کا اعتراف امریکی سینیٹ عملے کے ایک رکن نے رائٹرز سے گفتگو میں کیا کہ چین سے تعلق رکھنے والے ہیکرز نے وزارت خارجہ کے مائیکروسافٹ ای میل پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کرلی تھی۔

امریکی سینیٹر ایرک شمٹ کے لیے کام کرنے والے عملے نے ای میلز چوری ہونے کے معاملے پر آئی ٹی حکام کی ارکان پارلیمنٹ کو دی گئی بریفنگ کی تفصیلات نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتائیں۔


عملے کے رکن کے بقول امریکی سینیٹ کے آئی ٹی حکام نے ارکان پارلیمنٹ کو بتایا کہ چینی ہیکرز نے وزارت خارجہ کے 10 مختلف ای میل اکاؤنٹس سے 60 ہزار سے زائد ای میلز چوری کی ہیں۔

امریکی آئی ٹی حکام نے بریفنگ میں ان افراد کے نام اور عہدے نہیں بتائے جن کی ای میلز ہیک کی گئی تھیں تاہم ان میں سے ایک کے سوا باقی تمام مشرقی ایشیا اور بحرالکاہل میں تعینات تھے۔

چین نے امریکی وزارت خارجہ کی ای میلز ہیک کرنے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اصل وجہ مائیکرو سافٹ کی نااہلی کو قرار دیا۔