ورلڈ کپ :  صوفی عبدالجلیل المعروف 'چا چا کرکٹ 'بھارتی ویزے کے منتظر

پاکستان کرکٹ ٹیم کو دہائیوں سے سپورٹ کرنے والے صوفی عبدالجلیل المعروف 'چا چا کرکٹ 'بھی ورلڈکپ کیلئے بھارتی ویزے کے منتظر ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے فین دنیا میں ہر جگہ موجود ہیں، جو پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرنے دنیا کے ہر کونے میں پہنچ جاتے ہیں، 'چاچا کرکٹ 'بھی ان ہی فین میں سے ایک ہیں جو گزشتہ کئی عرصے سے پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرنے میدان میں ہوتے ہیں۔

تاہم بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے 'چا چا کرکٹ ' بھارتی ویزے کے منتظر ہیں۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں چاچا کرکٹ نے امید ظاہر کی کہ بھارت جا کر ورلڈ کپ دیکھنا چاہتا ہوں اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک بہت مشکل درپیش آرہی ہے،  پتا ہی نہیں بھارت کے ویزے کیسے لگنے ہیں، پوری دنیا سے فون آرہے ہیں کہ چاچا جی کیا آپ بھارت ورلڈ کپ میں سپورٹ کے لیے جائیں گے۔

چاچا کرکٹ کا کہنا تھا کہ سری لنکا ،بنگلا دیش ،امریکا سے شائقین کرکٹ بھارت پہنچ چکے ہیں لیکن ہمیں ویزا نہیں مل رہا، میں بھارت جا کر پاکستان کا جھنڈا لہرانا چاہتا ہوں ، میری بھارتی حکومت سے گزارش ہے کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے ویزوں میں نرمی برتیں۔

چاچا کرکٹ نے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا  اشرف سے بھی گزارش کی کہ ہمارے لیے بھارتی ویزوں کے اجرا میں آسانی پیدا فرمائیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی تاخیر سے بھارتی ویزوں کا اجرا ہوا جبکہ فینز اور صحافیوں کے لیے بھی ابھی کسی پالیسی کا اعلان نہیں کیا گیا۔

بدھ کو پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ کھیلنے بھارت پہنچی جہاں اس کا شاندار استقبال کیا گیا۔

 آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ اگلے ماہ اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔

پاکستان ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔