شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور نے بیٹے کے ہمراہ عُمرے کی ادائیگی کرلی۔
شادی کے بعد ڈرامہ انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی سابقہ اداکارہ نیمل خاور عباسی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر اپنی فیملی فوٹو پوسٹ کی۔
یہ تصویر حرم شریف میں لی گئی، جس میں حمزہ علی عباسی اور اُن کے بیٹے مصطفیٰ نے احرام باندھا ہوا ہے جبکہ نیمل خاور برقع میں ہیں۔
اس تصویر میں حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور کے بیٹے کا چہرہ دل والے ایموجی سے چُھپایا ہوا ہے۔
نیمل خاور عباسی نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں “الحمدللہ” لکھا.
شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے نیمل خاور اور حمزہ علی عباسی کو عُمرے کی ادائیگی پر مبارکباد دی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ ڈراما سیریل “انا” سے شہرت پانے والی نیمل خاور نے سال 2019 میں حمزہ علی عباسی کے ساتھ شادی کی تھی جبکہ سال 2020 میں اس جوڑی کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے مصطفیٰ عباسی رکھا۔
حمزہ علی عباسی اپنی اہلیہ نیمل خاور سے 8 سال بڑے ہیں، یہ دونوں اپنی شادی سے ایک سال قبل ملے تھے جو بعد ازاں اچھے دوست بن گئے۔
اداکار حمزہ علی عباسی نے شادی خاموشی سے کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم شادی کارڈ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی وجہ سے انہیں خود اپنی شادی کا اعلان کرنا پڑا تھا۔