بھارت میں فواد خان کی فلم پر پابندی، ریلیز موخر

پاکستانی اداکار فواد خان کی نئی بھارتی فلم عبیر گلال کی ریلیز غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
یہ فلم آج 9 مئی کو دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جانی تھی، جس میں فواد خان کے ساتھ وانی کپور مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، بھارت کی حالیہ جارحانہ پالیسیوں اور خطے میں کشیدگی کے باعث فلم کی ریلیز کو غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا گیا ہے۔
فلم سازوں کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم فلم کی معاون اداکارہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ریلیز مؤخر کر دی گئی ہے۔
عبیر گلال کی ریلیز کا اب انحصار پاک بھارت تعلقات کی بہتری پر ہے، اور اس حوالے سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے پچھلے ماہ کے آخر میں پیش آنے والے پہلگام واقعے کے بعد فلم پر پابندی عائد کر دی تھی۔
اسی دوران، فلم کا ٹیزر اور مشہور گانے "رنگ رسیا" اور "خدایا عشق" یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا سے ہٹا دیے گئے تھے۔
بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کر کے تمام OTT پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل میڈیا کو پاکستانی مواد بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
فواد خان کی یہ فلم نو سال بعد ان کی پہلی بھارتی فلم تھی۔ ان کی آخری فلم اے دل ہے مشکل 2016 میں ریلیز ہوئی تھی۔
فواد خان کو بھارت میں بھی بے پناہ مقبولیت حاصل ہے، اور کئی بھارتی فنکار ان کی واپسی کی حمایت کرتے رہے ہیں۔