ممبئی: بالی وڈ اسٹار عمران ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے سے پہلے ایشوریا رائے کے بڑے دیوانے تھے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عمران ہاشمی نے کنیکٹ ایف ایم کینیڈا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ایشوریا رائے کا بڑا دیوانہ تھا۔
اداکار نے کہا کہ جب میں اپنے کزن موہت سوری کے ساتھ اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھا تو ایشوریا رائے کی ایک جھلک دیکھنے کیلیے ان کی وین کے پاس کھڑا رہتا اور گھنٹوں انتظار کرتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے ایسا پہلے کبھی نہیں کیا تھا یہ میری احمقانہ حرکت تھی، دراصل ہم فلم ’راز‘ کیلیے کام کر رہے تھے لیکن اس سے قبل میں نے ایشوریا رائے کی فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ دیکھی اور ان کا دیوانہ ہوگیا، ان کی جھلک دیکھنے کیلیے بے تاب رہتا تھا۔
یاد رہے کہ عمران ہاشمی نے ’کافی ود کرن‘ شو میں شرکت کے دوران ایشوریا رائے کو ’پلاسٹک‘ کہہ دیا تھا، تاہم بعد میں انہوں نے ہندوستان ٹائمز سے گفتگو میں واضح کیا تھا کہ میرا مطلب یہ نہیں تھا میں تو ان کا بہت بڑا پُرستار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف شو کا فارمٹ تھا، میں ایسی باتیں کہہ کر شہرت حاصل نہیں کر سکتا، مجھے اُن سے پیار ہے اور ہمیشہ اُن کے کام کو سراہا ہے۔
اس کے بعد ایک اور انٹرویو میں عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ اب اگر میں ’کافی ود کرن‘ شو میں گیا تو نیا محاذ کھڑا ہو جائے گا، میرے پاس اُن لوگوں کے خلاف کچھ بھی نہیں ہے۔