وزیراعلی خیبرپختونخوا کا رمضان پیکج : مستحق افراد کو 10ہزار روپے دینے کا اعلان : احساس پروگرام میں مزید ایک لاکھ 15 ہزار افراد شامل، نوجوانوں کے لیے بغیر سود قرضوں کا اعلان

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد کو 10ہزار روپے دینے کا اعلان کر دیا۔

پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہیں، عوام کو ریلیف دینا ہماری ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یکم رمضان سے صحت کارڈ بحال ہوجائے گا، رمضان میں عوام کو ریلیف دیں گے، احساس پروگرام کے تحت رمضان میں مستحق افراد کو نقد 10ہزار روپے دین گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ احساس پروگرام میں مزید ایک لاکھ 15 ہزار مستحق افراد کو شامل کیا ہے، رمضان کے دوران ہسپتالوں میں سحری اور افطار دسترخوان شروع کریں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بغیر سود کے قرضے اور گرانٹ دیں گے، وفاق کی جانب 1500 ارب روپے بقایا ہیں، یہ ہمارا حق ہے، ہمیں اپنے پیسے ملنے چاہئیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر وفاق بروقت پیسے دیتے تو ہم لوگوں کو روزگار دیں گے، اپنا حق عاجزی کے ساتھ مانگ رہے ہیں، مزید کہا کہ جائز نا جائز طریقہ سے صوبے کا حق لے کر رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کسی سے یہ نا سنوں کہ کرپشن ہورہی ہے، عوام خود کرپشن کے سامنے کھڑے ہوجائیں، میں ساتھ دوں گا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جہاں جہاں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، عوام بھی اسی کام کا جائزہ لے۔

ان کا کہنا تھا کہ افطاری اور سحری کے وقت میں بجلی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، بجلی کے لائن لاسز کو جلد ختم کریں گے، پیسکو حکام کو بتایا ہے کہ غریب سے نہیں پہلے امیر سے شروع کیا جائے۔