جاگنگ کرنے سے مرتب ہونے والے عجیب اثر کا انکشاف

جاگنگ کو صحت کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے اور یقیناً ایسا ہی ہے۔

مگر اب ایک تحقیق میں جاگنگ کے ایک عجیب اثر کا انکشاف کیا گیا ہے جو دنگ کر دینے والا ہے۔

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر اس تحقیق میں بتایا گیا کہ جاگنگ کرنے سے لوگوں کے اندر غصہ بڑھتا ہے اور ان کا رویہ زیادہ جارحانہ ہو جاتا ہے۔

اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جاگنگ ایک ایسا عمل ہے جس میں ایک ہی کام بار بار کیا جاتا ہے اور یہ چیز لوگوں کے اندر بیزاری بڑھاتی ہے۔

اس تحقیق میں 10 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

تحقیق کے نتائج نے محققین کو بھی حیران کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال تھا کہ جاگنگ کی بجائے باکسنگ جیسی سرگرمیوں سے لوگوں میں غصہ بڑھتا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بظاہر تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دوڑنے سے غصہ اور جارحیت میں کمی آتی ہے مگر ایسا ہوتا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دوڑنا ہمارے دل کی صحت کے لیے اچھا ہوتا ہے مگر یہ غصہ پر کنٹرول کے لیے اچھی سرگرمی نہیں۔

محققین کے مطابق ممکنہ طور پر بار بار ایک جیسی سرگرمی بیزاری کی جانب لے جاتی ہے جس کے باعث غصہ پیدا ہوتا ہوگا۔

اس کے مقابلے میں یوگا یا ایرو بک ورزشیں غصے کو کنٹرول کرنے کے لیے زیادہ مؤثر ہوتی ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ سیڑھیاں چڑھنے کی سرگرمی سے بھی لوگوں کے اندر غصہ بڑھتا ہے۔

محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ اگرچہ جسمانی سرگرمیاں صحت کے لیے مفید ہوتی ہیں مگر ان سے غصے کو کنٹرول کرنا ممکن نہیں ہوتا۔