عالمی ادارہ صحت کا پاکستان پر سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ

 عالمی ادارہ صحت نے پاکستان پر سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،پولیو کے باعث سفری پابندیوں میں 3 ماہ کی توسیع کر دی گئی۔

 اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کو پولیو کے عالمی پھیلاؤ کے حوالے سے ذمہ دار قرار دیا گیا ہے،ڈبلیو ایچ او ایمرجنسی کمیٹی برائے پولیو نے پابندیوں میں توسیع کی سفارش کی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ پاکستان، افغانستان کے مابین پولیو وائرس کی منتقلی جاری ہے۔ پاکستانی سیوریج میں پولیو کے پھیلاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اُن کے مطابق کراچی، پشاور، کوئٹہ بلاک پولیو وائرس کے گڑھ ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق افغانستان میں پولیو ویکسین سے محروم بچے پاکستان کیلئے خطرہ ہیں۔  رواں سال جون تک 175 ملین پاک افغان بچوں کی ویکسینیشن ہو گی۔ پاکستان سے مہاجرین انخلاء سے پولیو افغانستان منتقل ہوا ہے۔ پاکستان سے واپس جانے والے افغان مہاجرین سے پولیو پھیل رہا ہے۔ پاک افغان کراسنگ پوائنٹس پر پولیو ویکسینیشن بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

علامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ  جنوبی کے پی میں بچوں تک پولیو ویکسین کی رسائی اہم ہے۔ پاکستان کی پولیو بارے سرویلنس مزید 3 ماہ جاری رہے گی۔ پاکستان سے بیرون ملک جانے والوں  کی پولیو ویکسینیشن لازم ہو گی۔ ڈبلیو ایچ او 3 ماہ بعد انسدادِ پولیو کیلئے پاکستانی اقدامات جائزہ لے گا۔