کراچی: رینجرز ہیڈکوارٹر سمیت تمام عمارتوں کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم

کراچی: سپریم کورٹ نے کراچی میں رینجرز ہیڈ کوارٹر سمیت تمام عمارتوں کے باہر  سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں شہر میں انسداد تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے رینجرز ہیڈ کوارٹر، گورنر ہاؤس اور سی ایم ہاؤس کے باہر سے بھی تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا۔

عدالت نے کہا کہ 3 دن میں تمام تجاوزات ختم کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

چیف جسٹس نے دوران سماعت کہا کہ کسی کو عوام کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں، راستے بند کرنا اور رکاوٹیں ڈالنا غیر قانونی ہے،  وفاقی اور صوبائی حکومت خود تجاوزات کھڑی کررہی ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کا بل سینئر افسر کو بھیجیں، اس کی جیب سے اخراجات وصول کریں، جو لوگ پیدل چلتے ہیں ان سے پوچھیں کس تکلیف میں ہیں، انگریزوں کے زمانے کے درختوں کے سائے میں لوگ بیٹھتے ہیں ثواب تو انگریز کما رہے ہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ کے ایم سی کی جو سڑکیں ہیں کلیئر کردیں،  تجاوزات کے خاتمے سے متعلق اخرجات بھی تجاوزات قائم کرنے والوں سے وصول کریں۔

عدلت نے تمام متعلقہ اور سکیورٹی اداروں کو عدالتی حکم کی کاپی بھیجنے  اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو وفاقی اداروں کو آگاہ کرنے کا حکم دیا۔