ایران کی ڈرون انڈسٹری پر نئی پابندیوں کا اعلان

لندن: برطانیہ نے اسرائیل پر ڈرون میزائل حملوں کے جواب میں ایران کی ملٹری ڈرون انڈسٹری پر نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانیہ نے ایران پر نئی پابندیوں کا اعلان امریکہ اور کینیڈا کو اعتماد میں لے کر کیا ہے۔ جس کے نتیجے میں 4 کاروبار اور ڈرون کمپنیوں کے نیٹ ورک کے 2 ڈائریکٹرز زد میں آئیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ کے اس اقدام کا مقصد ایران کے ڈرون حملوں کی صلاحیت محدود کرنا ہے۔

برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران نے اسرائیل پر خطرناک حملے سے ہزاروں شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈال دی ہے۔ ڈرون حملوں سے خطے میں کشیدگی پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور ہمارے شراکت داروں نے واضح پیغام دیا ہے کہ ہم ایران کے خطرناک عزائم کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں گے۔ ایران کو ڈرون اور میزائل کے مواد کی برآمد پر بھی نئی پابندیاں عائد کی جائیں گی

واضح رہے کہ برطانیہ نے گزشتہ ہفتے اسرائیل پر حملے کے بعد ایران کے عسکری عہدیداروں اور اداروں پر پابندیاں عائد کر دی تھیں اور یہ اقدامات بھی امریکہ کے ساتھ مشاورت کے بعد اٹھائے گئے تھے۔

ایران نے شام کے دارالحکومت دمشق میں قونصل خانے پر حملے کے 2 ہفتوں کے بعد جواب میں 13 اپریل کو اسرائیل پر ڈرون اور میزائل حملہ کیا تھا۔ جس کے بعد مشرق وسطیٰ میں حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔