چوری کا مال خریدنے پر گرفتارساتھیوں کو چھڑانے کیلئے کباڑیوں کا تھانے پر حملہ

کراچی کے گلستان جوہر تھانے پر 80 سے زائد کباڑیوں نے حملہ کردیا، پولیس نے 6 کباڑیوں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق 3 کباڑیوں کو چوری کا مال خریدنے پر گرفتار کرکے تھانے لائے تھے، ملزمان کو چھڑانے کیلئے کباڑیوں کے صدر کی سربراہی میں کباڑیوں نے تھانے پر حملہ کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گلستان جوہر تھانے پر حملے کرنے والے  کباڑیوں کو لاٹھی چارج کے ذریعے منتشر کیا گیا۔

پولیس کے مطابق تھانے پر حملہ کرنے والے 6 کباڑیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر حملہ آور فرار ہوگئے، حملہ آوروں کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔