اسرائیلی فوج نے رات گئے رفح میں پناہ گزین کیمپ پر حملہ کردیا، کیمپوں میں آتشزدگی کے باعث ایک ہی رات میں 75 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج نے اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا ہے۔ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ہزاروں پناہ گزین جل کر شہید ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں، شہداء میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہادتیں آگ میں جھلسنے کی وجہ سے ہوئیں۔ آگ میں جھلسنے کی وجہ سے کئی افراد کی حالت نازک ہے جبکہ شہداء کی تعداد بڑھنے کا بھی خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ پناہ گزین کیمپ میں شمالی غزہ سے بے دخل فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد نے رہائش اختیار کر رکھی ہے۔
دوسری طرف اسرائیل نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے رات رفح میں حماس کے ایک کمپاؤنڈ پر حملہ کیا۔ حملے کے مقام پر حماس کے اہم ارکان ٹھہرے ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک 36,000 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ عالمی عدالت کے فیصلے کے باوجود اسرائیلی ٹینکوں کی رفح میں پیش قدمی جاری ہے۔