طلاق کی خبروں پر فردوس جمال کا ردعمل

سینیئر ادا کارفردوس جمال گزشتہ کچھ عرصے سے کئی وجوہات کی بنا پر خبروں میں ہیں۔ سب سے پہلے ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کے ساتھ ان کی صلاحیتوں اور عمر کے بارے میں غیر ضروری تبصروں پر بحث جاری تھی ۔ بعد ازاں ان کے اپنے ہی بچوں حمزہ فردوس اور بازل فردوس کے ساتھ اختلافات ہوگئے۔

حال ہی میں حمزہ فردوس نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا کہ ان کی فیملی واقعی بہت کچھ برداشت کر رہی ہے۔ ان کے والد نے انہیں تکلیف پہنچائی ہے اور ان کی والدہ نے طویل عرصے تک اس تکلیف دہ شادی کو جاری رکھنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ یہ اعلان کرنا چاہتے ہیں کہ ان کی والدہ نے شادی کے 40 سال بعد خلع کی درخواست دی ہے اور یہ ان کی زندگی کا سب سے تکلیف دہ فیصلہ ہے۔ اب ان کےوالد ان کے ساتھ نہٰیں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں پرائیویسی کا مطالبہ کیا۔

فردوس جمال نے اب اپنے بیٹے کے بیان پر کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اور ان کی بیوی کے درمیان کوئی طلاق نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دادا ہیں اور اب وہ کیسے الگ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے کی جانب سے خبریں سچ نہیں ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین فردوس جمال اور ان کے بیٹوں کے متضاد بیانات پر تذبذب کا شکار ہیں۔ کئی صارفین کا خٰال ہے کہ فردوس جمال کے بیٹوں کو گھر کی باتیں باہر نہیں کرنی چاہیے۔ جبکہکچھ صارفین فردوس جمال کے بیٹوں کی حمایت کرتے ہوے کہتے ہیں کہ کوئی بھی اولاد اپنے والد کے بارے میں ایسی من گھڑت باتیں نہیں کہہ سکتی ہے۔