وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم درست سمت میں جارہے ہیں تاہم طویل سفر باقی ہے۔
کراچی میں ہونے والے فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم صحیح سمت میں جارہے ہیں، ترسیلات زر بڑھ رہی ہیں اور زرمبادلہ ذخائر مستحکم ہیں تاہم طویل سفر باقی ہے۔
وزیر خزانہ نےکہا کہ رواں مالی سال کریڈٹ ریٹنگ بی کروانا چاہتے ہیں، صنعتکاروں کا سمجھنا چاہیے کہ ان کا ریفرنس پوائنٹ کائبور ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مرغی اور دالوں کی قیمتوں میں اضافہ برداشت نہیں کریں گے، ہم یقینی بنائیں گے کہ مڈل مین عوام کو فائدہ پہنچانے میں رکاوٹ نہ بنے، اب یہ معاملہ ای سی سی کےہر اجلاس میں آئےگا، پرائس کمیٹیز سےکوآرڈینیشن ہوگی، پوری دنیا میں مرغی اور دالوں کی قیمت کم ہوئیں مگر یہاں نہیں ہوئیں۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعےانسانی مداخلت کم اورکرپشن قابو کریں گے، اب صنعتوں کو مراعات بغیر اہداف کے نہیں دیں گے، نجی شعبے کو استعداد بڑھانا ہوگی جب کہ معیشت کا ڈی این اے ایکسپورٹ پر مبنی اکانومی کے ذریعے بدلنا ہوگا۔
فیوچر سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت رومتی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا بھر پور خیال رکھنا چاہیے، پاکستانیوں نے ہمیں انفرا اسٹرکچر دیا ہے۔